ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / رافیل ڈیل کی جے پی سی تحقیقات سے جیٹلی کا انکار، عدالتی فیصلہ کو لے کرکانگریس پر’پر وپیگنڈا‘ کا الزام

رافیل ڈیل کی جے پی سی تحقیقات سے جیٹلی کا انکار، عدالتی فیصلہ کو لے کرکانگریس پر’پر وپیگنڈا‘ کا الزام

Mon, 17 Dec 2018 01:50:35    S.O. News Service

نئی دہلی:16/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے رافیل معاملے کو تحقیقات کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی ( JPC ) میں بھیجے جانے کی کانگریس کی مانگ کو مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کو ’’بیڈ لوزرس ‘‘ بتاتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ سے کلین چٹ ملنے کے بعد ڈیل پر CAG کی رائے متعلقہ نہیں ہے۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے ابتدئی 4 دن تمام مسائل پر احتجاج اور ہنگامہ کی بھیٹ چڑھ چکے ہیں ۔ اس پر جیٹلی نے کہا کہ اپوزیشن کانگریس بچے ہوئے سیشن میں بھی رافیل پر بحث کی بجائے ہنگامہ کرنا پسند کرے گی۔ کانگریس رافیل ڈیل کی جے پی سی سے جانچ کی مانگ کر رہی ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ پیشرو یو پی اے حکومت جس قیمت میں سودے کے لئے بات چیت کر رہی تھی، موجودہ حکومت نے اس سے بہت زیادہ قیمت پر ڈیل کی ہے ۔ اس کے علاوہ ان کا سوال ہے کہ کس طرح صنعت کار انل امبانی کی کمپنی کو ڈیل کے لئے آفسیٹ پارٹنر کے طور پر منتخب کیا گیا، جبکہ اس کے پاس فائٹر جیٹس بنانے کا کوئی بھی تجربہ نہیں ہے۔ جیٹلی نے فیس بک بلاگ میں لکھا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے آخری بات کہہ دینے کے بعد، سودے کی موزونیت ثابت ہو چکی ہے۔ کورٹ نے جو کچھ کہا ہے، کوئی سیاسی باڈی کبھی بھی اس سے کچھ الگ نہیں پا سکتا۔ جے پی سی کے مطالبے پر جیٹلی نے کہا کہ ایک پارلیمانی کمیٹی کورٹ کے نتائج سے الگ رزلٹ کیسے دے سکتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا سیاست دانوں کی کوئی کمیٹی کسی ایسے مسئلے کا جائزہ لینے کے لئے قانونی طور پر قابل ہے، جس کا فیصلہ سپریم کورٹ پہلے ہی کر چکا ہے۔ 


Share: